ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / مالیگاؤں عدالت نے مجرم کوسزا کے طورپردی روزانہ 5وقت  کی نماز اداکرنے اور دو درخت لگانے کی سزا :  جج تیجونت سنگھ سندھو کا تاریخی فیصلہ

مالیگاؤں عدالت نے مجرم کوسزا کے طورپردی روزانہ 5وقت  کی نماز اداکرنے اور دو درخت لگانے کی سزا :  جج تیجونت سنگھ سندھو کا تاریخی فیصلہ

Thu, 02 Mar 2023 17:40:16    S.O. News Service

مالیگاؤں:2؍ مارچ (ایس اؤ نیوز ) مہاراشٹرا کے مالیگاؤں کی عدالت کے سول جج نےملزم  کا جرم ثابت ہونےپر مجرم کو سزا کے طورپر  روزانہ پانچ وقت کی نماز پابندی کے ساتھ ادا کرنے  اور  مسجد کے اطراف دو درخت لگانے کے ساتھ ساتھ ایک ہزار روپیہ جرمانہ عائد کرنے کا   تاریخی فیصلہ سنایاہے۔

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق 27فروری کو مالیگاؤں عدالت کےکورٹ نمبر 3کے  سول جج ، سنئیر ڈویزن اور چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ تیجونت سنگھ اے سندھو نے تعزیرات ہندکی دفعات 323،504اور506کے تحت ملزم کا جرم ثابت ہونے پر فیصلہ سناتےہوئے کہاکہ مجرم ہر روز پانچ وقت کی نماز پابندی کے ساتھ اداکرے گا۔ چونکہ جھگڑا مالیگاؤں کی کیمپ مسجد کے پاس ہی کیاگیا تھا تو مسجد کے صحن یا اطراف میں دو درخت لگائے گا  اور ا س کی نگرانی کرے گا۔ جس کی محکمہ زراعت کے آٖفیسر نگرانی کریں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ عدالت نے اس شخص پر  ایک ہزار روپئے جرمانہ بھی عائد کیاہے۔عدالتی فیصلے کی کاپی مسجد کے امام اور زرعی افسر کو  ارسال کی گئی ہے۔  معزز جج کا خیال ہے کہ اس  طرح کے فیصلوں سے مجرم ، جرم سے باز آنے اور ان میں سدھار آنے کےامکانات ہیں۔

بتایا گیا ہے  کہ کرانتی نگر کیمپ میں سونا پور کے ساکن  رؤف خان عمر خان (30) نے 29اپریل 2010کی رات 9بجے کے بعد کیمپ مسجد کے قریب ہی جھگڑا کرتےہوئے گالی گلوچ کی تھی ۔ معاملے کو لےکر کیمپ پولس تھانہ میں کیس درج کرلینے کے بعد عدالت میں کیس چلا تھا۔ جس کے تحت معزز  منصف نے یہ تاریخی فیصلہ سنایا ہے۔ جج تیجونت  سنگھ سندھو کے اس فیصلے کی ہر طرف ستائش اور پذیرائی کی جارہی ہے۔  کہا جارہا ہے کہ انہوں نے ملزم کے مذہب کو دیکھتےہوئے اس کے سدھار کے لئے بہت ہی عمدہ اور قابل عمل فیصلہ سنایا ہے۔


Share: